شہر اعتکاف کی تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ اور شہر اعتکاف 2009ء کمیٹی کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف کی تیاریوں کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف میں اندورن ملک و بیرونی ممالک سے ہزاروں افراد شہر اعتکاف میں معتکف ہوں گے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم اور جواد حامد بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا سے خصوصی طو ر پر اعتکاف بیٹھنے کیلئے سینکڑوں فرزندان توحید شہر اعتکاف آئیں گے اور ا ن کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ تحریک کی نظامت امورخارجہ نے ان کی سحری افطاری اور قیام کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ وضو اور طہارت کیلئے شہر اعتکاف میں وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے فراہم کردہ سیکیورٹی کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ خواتین کی علیحدہ اعتکاف گاہ میں 17 بلاک قائم کیے گئے ہیں جبکہ مرکزی میڈیکل سینٹر میں 50 ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود ہوں گے۔ ان میڈیکل ہیلتھ یونٹس میں ایلو پیتھک اور ہومیو پیتھک ہر دو قسم کے طریقہ ہائے علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ اعتکاف گاہ میں ہر وقت 7 ایمبولینسز موجود ہوں گی۔

سربراہ اعتکاف کمیٹی نے کہا کہ PHA، واپڈا، واسا، پولیس، ضلعی اور ٹاؤن انتظامیہ کا شہر اعتکاف کے خصوصی انتظامات میں ہمیشہ بھر پور تعاون شامل حال رہا ہے جس کے لیے ہم ان تمام اداروں کے مشکور ہیں اور امید ہے کہ امسال بھی اعتکاف کے دوران ان اداروں کی بھر پور معاونت اسی طرح جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں مرد و خواتین کی سحری و افطاری کی تیاری کیلئے وسیع جگہ پر پکوائی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دوران اعتکاف دو شفٹوں میں پکوائی کا سلسلہ جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 300 افراد کا م کریں گے۔

سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ اعتکاف کی مرکزی کمیٹی کے علاوہ 63 ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں جو شہراعتکاف کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔ ان کمیٹیوں کا کام تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے روزانہ ہونے والے خطابات کو جدید دیو قامت LCD سکرینوں کے ذریعہ مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ میں دکھانے کا انتظام سیکرٹریٹ سے شہر اعتکاف منتقل کر دیا جائے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ اور CDs کے سٹال بھی شہر اعتکاف میں لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اب مرکز پر شہر اعتکاف میں بیٹھنے والے ہزاروں معتکفین کی طرح وطن عزیز کے تمام بڑے اضلاع میں ضلعی لیول پر بھی اجتماعی اعتکاف ہو گا۔ جہاں ہزاروں مرد و خواتین اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا و خوشنودی کے لیے اعتکاف بیٹھیں گے۔ مرکزی شہر اعتکاف کی طرح ہمار ی پوری کوشش ہو گی کہ ضلعی لیول پر قائم ہونے والے اجتماعی اعتکاف گاہوں میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے روزانہ ہونے والے خطابات کو جدید دیو قامت LCD سکرینوں کے ذریعہ اعتکاف گاہ میں دکھانے کا انتظام کیا جائے۔

تبصرہ