منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خواتین کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل میں تعلیم یافتہ ماں کا کردار مرکزی ہے، قرآن و سنت کے تابع گزرنے والی زندگی ہی کامیاب زندگی ہے، اچھا اخلاق رزق اور زندگی میں برکت کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری خانگی زندگی اور سماجی زندگی میں امن و سکون آجائے تو ہمیں قوم کی بیٹیوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مردوں کی طرح خواتین پر بھی فرض ہے۔ ریاست اور والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے اقدامات کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے خواتین کے عزت و احترام کا حکم دیا ہے۔ آپ ﷺ اپنی بیٹی سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا سے بے حد پیار کرتے تھے۔ خاتون جنت جب تشریف لاتیں تو آپ احتراماً کھڑے ہو جاتے تھے۔ جس دن ہماری سوسائٹی خواتین کو ماں، بہن، بیٹی، بیوی کے روپ میں دل سے عزت دینے لگ جائے گی تو سوسائٹی میں اجتماعی امن قائم ہو جائے گا اور ہماری سوسائٹی ہر قسم کے جرائم سے پاک ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 40 سال قبل تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تھی تو اس کے ساتھ انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت کے ادارے بھی قائم کر دئیے اور الحمدللہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر خواتین کی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ایک شان ان کا اعلیٰ اخلاق والا ہونا ہے۔ پورا قرآن آپ ﷺ کا اخلاق ہے۔ لہٰذا خواتین و حضرات کو اپنے اخلاق درست کرنے پر سب سے زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام زندگی کے ہر شعبے میں نظم و ضبط سکھاتا ہے۔ زندگی میں اگر نظم نہ ہو اور اخلاق اچھا نہ ہو تو ایسے شخص کی زندگی اور رزق سے برکت اٹھ جاتی ہے۔
تبصرہ