شہر اعتکاف (توبہ اور آنسوؤں کی بستی) ویمن اعتکاف گاہ میں معتکف سیکڑوں خواتین کے لیے جہاں روحانی بالیدگی اور اجتماعی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے وہیں خواتین کی تعلیم و تربیت کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کی اسکالرز کے زیرِ نگرانی 9 تربیتی حلقہ جات کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد خواتینِ معاشرہ کو حقوق العباد، صحبت صالح کی اہمیت، انفاق فی سبیل للہ اور قرون اولیٰ کی خواتین کے کردار کو مشعل راہ بنا کر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی طرف راغب کرنا ہے۔
ویمن اعتکاف 2022 کے پہلے روز تربیتی حلقہ جات میں قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کے بنیادی اصول پڑھانے کے ساتھ ساتھ عملی مشق کے ذریعے نماز پڑھنے کا طریقہ بھی سکھایا گیا۔ بعد ازاں حلقہ جات میں سینئر اسکالرز کی جانب سے حقوق العباد کے موضوع پر تربیتی گفتگو کی گئی جس میں بنی نوع انسان کی عزت و تکریم اور بالخصوص رشتہ داروں اور ہمسایوں کے حقوق کے معاملے میں صلہ رحمی اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔
ویمن اعتکاف گاہ میں بعد از نمازِ عصر استقبالیہ تقریب بسلسلہ مجالس الاعتکاف کا انعقاد کیا گیا جس میں محفلِ نعت کے بعد صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری نے خلوت نشینی کے آداب پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے طول و عرض سے دل کی دنیا بدلنے کی نیت سے آنے والی معتکفات کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام منعقدہ اجتماعی اعتکاف میں جہاں ملک بھر سے خواتین شریک ہیں وہیں ایگرز ڈیپارٹمنٹ کے تحت بچوں اور ایم ایس ایم سسٹرز کے تحت طالبات کی بھی کثیر تعداد میں موجود ہے۔ ویمن اعتکاف میں صلٰوۃ التسبیح، اذکار و وظائف، انفرادی معمولات کے ساتھ ساتھ باجماعت تراویح بھی ادا کی گئی۔
تبصرہ