مخلوق کے لیے بننے سنورنے والو خالق کے لیے اپنے باطن کو اجلا بناؤ: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ”طہارۃ القلوب“کے موضوع پر معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مومن کے ظاہر وباطن میں تضاد نہیں ہو سکتا، اپنے باطن کو ظاہر سے زیادہ خوبصورت بنائیں۔ ظاہر کو مخلوق دیکھتی ہے جبکہ باطن کو خالق دیکھتا ہے۔ جو اللہ کے سامنے خود کو گناہوں کے اعتراف کے ساتھ سرنڈر کر دیتا ہے تو غفور الرحیم اس پر توفیقات کے دروازے کھول دیتا ہے۔ عادت کے طور پر نہیں عبادت کے طور پر اچھے بنیں۔ عبادات دکھاوے سے خالی ہونی چاہئیں۔ دل جسمانی امور و افعال کا مرکز ہے اگر دل سنور جائے تو تمام جسمانی اعضا گناہوں سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب کوئی معاشرہ امربالمعروف و نہی المنکر کی دعوت سے خالی ہو جاتا ہے تو پھر اللہ تعالیٰ اس قوم پر بدعنوان، بے رحم، ظالم، کینہ پرور اور منتقم مزاج قاتل حکمران مسلط کر دیتا ہے۔ اُمت کو امربالمعروف و نہی المنکر کے الوہی فریضہ کی انجام دہی سے کسی صورت غافل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین فقط نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ کا نام نہیں ہے، ایمانی زندگی میں اللہ اور بندوں کے ساتھ درست معاملات کو مرکزیت حاصل ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس شخص کا اخلاق اور معاملات اچھے نہیں ہیں اسے عمر بھر کے نفلی روزے اور عبادات کا کچھ فائدہ نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم معمولی باتوں پر دوسروں سے قطع کلامی کر لیتے ہیں، مزاج کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرتے۔ غریب رشتے داروں سے بدگمان ہونے کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ مستحقین اور یتیموں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش نہیں آتے۔ ہمسایوں، اپنے ملازمین اور دوست احباب کے ساتھ جب بگڑ جائیں تو اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے پر تل جاتے ہیں۔ یہ وہ ظاہری خرابیاں ہیں اگر ان کی بروقت اصلاح نہ کی جائے تو یہ باطن اور ایمان کی مستقل خرابیاں بن جاتی ہیں۔ انہوں نے معتکفین سے کہا کہ معمولی غلطیوں اور گناہوں کو کبھی معمولی نہ جانیں۔ ہر روز اپنا محاسبہ کرتے رہیں۔ اپنے نفس پر پہرہ دیں ورنہ یہ بے لگام گھوڑا آپ کو کسی دلدل میں اتار دے گا۔

انہوں نے معتکفین سے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ کا یہ فرمان ہے کہ یہ دنیا عارضی اور آخرت کی کھیتی ہے۔ ہم یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آخرت میں کاٹیں گے۔ معاف کر دینے کی عادت اختیار کریں۔ ہمیشہ کمزوروں اور بے سہاروں کی اُمید بنیں۔ اپنے سماجی اور گھریلو معاملات میں انصاف، اعتدال اور برداشت سے کام لیں۔

اس موقع پر شہر اعتکاف میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ، فورمز کے صدور و ڈائریکٹر شعبہ جات موجود تھے۔ شہر اعتکاف میں معروف ثناء خوان مصطفیٰ محمد افضل نوشاہی، امجد بلالی، ظہیر بلالی، خرم شہزاد برادران نے ہدیہ نعت پیش کیا۔

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

Minhaj ul Quran Itikaf City 2022

Minhaj ul Quran Women Itikaf 2022

Minhaj ul Quran Women Itikaf 2022

تبصرہ