مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شہراعتکاف میں شرکت کرنے والے پاکستان بھر کے طلباء کے لیے ’’التربیۃ 2022‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پہلے روز مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف ’’تنظیمی زندگی کے آداب‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس موقع پر شیخ فرحان عزیز سیکرٹری جنرل MSM پاکستان اور مرکزی ٹیم و زونل صدور بھی موجود تھے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں معتکف طلباء نے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں فروغِ عشقِ مصطفیٰﷺ کی طلباء تحریک ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے ہر تعلیمی ادارے میں پڑھنے والے طالب علم تک یہی محبتِ مصطفیٰﷺ کا پیغام پہنچایا جائے۔
چوہدری عرفان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت اور رہنمائی میں 10 دن کیلئے اس عظیم علمی و روحانی درس گاہ میں معتکف ہونی کی توفیق دی۔ تنظیمی زندگی کا ادب یہ ہے کہ کسی تحریکی ذمہ دار کو راہِ راست سے ہٹتا دیکھیں تو اسکی اصلاح کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اخلاقی پستی سے نکلنا ہو گا اور ہمیشہ غیبت سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں ذمہ داری مل جائے اور ہم اجتماعیت میں آجائیں تو انفرادی کردار کو کم کر دیں اور اجتماعیت میں آکر اجتماعی ذمہ داریوں کو فالو کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد جو بھی ہو، مگر ہماری زندگی کا حقیقی مقصد اللہ پاک کی رضا کا حصول ہے۔ آج بدی اپنی پوری طاقت سے نوجوانوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہی ہے۔ ایسے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں پر لازم ہے کہ ہم نے رحمانی قوت بن کر اللہ کے دئیے ہوئے فریضے کی سرانجام دہی کیلئے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں نیکی کا مینارِ نور بننا ہے۔
تبصرہ