خواتین شہراعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی نشست

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقدہ شہراعتکاف میں ہزاروں خواتین بھی شریک ہیں۔ خواتین کے شہراعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی نشست 10 جون 2018ء کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، مسز فضہ حسین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ناظم اجتماعات جواد حامد، منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز، ناظمہ افنان بابر، ڈاکٹر ثمر فاطمہ اور ویمن لیگ کی دیگر قائدین بھی موجود تھیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرانتظام منعقدہ ویمن شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفات شریک ہیں۔ ان کے ساتھ سینکڑوں چھوٹے بچے بھی معتکف ہیں، جو منہاج ویمن لیگ کے ذیلی فورم ایگرز کے زیرانتظام شہر اعتکاف میں شریک ہو کر تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی سطح پر اعتکاف بہت مشکل کام ہے، جس کا کریڈٹ منہاج القرآن ویمن لیگ کو جاتا ہے۔ آپ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کی کارکردگی پر مبارکباد بھی پیش کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کے تربیتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن آپ کے لیے تربیت گاہ ہے، جس طرح درخت پر پھل لگتا ہے تو اس کے لیے ایک پودا چاہیے، جس پر شاخیں ہوں اور پھر اس پر پھل لگے، جس طرح شاخیں کسی تنے سے نکلتی ہیں۔ اس طرح آپ کو دنیا میں اللہ کی محبت، اطاعت، عبادت، طہارت، تقویٰ، پرہیز گاری، نیکی اور خیر کا پھل چاہیے تو یہ پھل کسی نہ کسی شاخ سے ملے گا، جو کسی نہ کسی درخت سے لگی ہو گی۔ یہ درخت منہاج القرآن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی توفیق اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدد و نصرت سے 1980 میں صرف ایک بیج بویا تھا، جس پر 25 سے 30 سال لگے اور آج وہ بیچ بن سنور کر ایک پھلدار درخت بن گیا، یہ درخت منہاج القرآن کی صورت میں اور پھر منہاج القرآن ویمن لیگ کی صورت میں آپ کو پھل دے رہا ہے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ اعتکاف آپ کو منہاج القرآن سے جوڑتا ہے۔ اگر آپ کو بھی منہاج القرآن کے درخت کا پھل چاہیے تو آج آپ بھی اس درخت کی شاخوں میں سے کوئی ایک شاخ بن کر اس مشن کیساتھ جڑ جائیں، تاکہ لوگ آپ سے استفادہ کریں۔ آخر میں آپ نے نصحیت کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف میں جو کیفیات اور حال ملتا ہے، تو اس کو آگے بانٹیں، اس حال کو معاشرے، اپنی فیملیز اور اپنی اولادوں میں بانٹیں، یہ آپ میں دائمی استقامت پیدا کرے گا۔

تبصرہ