شہر اعتکاف میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی فقہی نشست

حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑا اعتکاف (شہر اعتکاف) لاہور ٹاؤن شپ میں جاری ہے، جہاں بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کے ساتھ ساتھ معتکفین کی علمی و فکری تربیت کیلئے قرآن مجید، احادیث، عبادات، عقائد، اخلاق حسنہ اور فقہی مسائل پر مشتمل سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوتی ہے، جس میں مفتی اعظم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی شرکاء کے سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ یہ نشست روزانہ نماز عصر کے فوری بعد ہوتی ہے۔ جس میں باقاعدہ تربیتی نصاب مرتب کیا گیا ہے۔

فقہی نشست میں مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے شہر اعتکاف کے آداب کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کے سفر میں بہت سی کٹھن منازل بھی آتی ہیں ان آزمائشوں پر استقامت کرنیوالوں کیلئے دنیا و آخرت میں آسانیاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے جو افراد اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کرتے ہیں حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے۔

مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ و طلبہ تربیتی نصاب کے مطابق معتکفین کی علمی و فکری تربیت کر رہے ہیں۔

تبصرہ