شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل، ہزاروں فرزندان توحید آج شہر اعتکاف کے مکین بنیں گے

Minhaj ul Quran Itikaf City

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اور شہر اعتکاف 2018 کے سربراہ خرم نواز گنڈاپور نے سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد کے ہمراہ شہر اعتکاف کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا، انتظامات کے حوالے سے جواد حامد نے خرم نواز گنڈاپور کو تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں 5 جون سے شروع ہونیوالے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معیت میں ہزاروں فرزندان توحید عید کا چاند نظر آنے تک حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کے مکین بنیں گے۔ اندرون ملک اور بیرون ملک سے 15 ہزار سے زائد مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی، اندرون سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور آزاد کشمیر سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکاہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پورے ملک میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 15 سو نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دینگے۔ شہر اعتکاف میں مختلف جگہوں پر سیکیورٹی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں، مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے گرمی سے بچاؤ کیلئے شہر اعتکاف میں 4 فٹ قطر کے بڑے پنکھے بھی لگا دئیے گئے ہیں۔ معتکفین کے وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں، ہزاروں لوگوں کیلئے 15 ڈاکٹرز مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے شہر اعتکاف میں موجود ہوں گے جبکہ ایک فارمیسی بھی قائم کر دی گئی ہے جو 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔ منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز اور سٹاف 24گھنٹے شہر اعتکاف میں دستیاب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی بیرون ممالک سے درجنوں افراد معتکف ہوں گے، شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری روزانہ نماز تراویح کے بعد ’’مثنوی مولانا روم‘‘ کے موضوع پر درس دینگے۔ مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ میں پانچ بڑے سائز کی LED سکرینز نصب کر دی گئیں ہیں تاکہ معتکفین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کو دیکھ سکیں اور ان سے استفادہ کر سکیں۔ منہاج آئی ٹی بیورو کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر سرگرمیوں کو پوری دنیا میں دکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایمان افروز خطابات سننے کیلئے ہزاروں افراد نفلی اعتکاف بھی کرتے ہیں، شہر اعتکاف کو 20 بلاکس اور 5 سو حلقہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ فری قرار دینے کیلئے متعلقہ محکموں کو درخواست دے دی گئی ہے۔ معتکفین کی سہولت کیلئے شہر اعتکاف میں ہیوی جنریٹرز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معتکفین کی حفاظت کیلئے مردو خواتین کی اعتکاف گاہوں میں ڈینگی سپرے بھی کروا دئیے گئے ہیں۔ ہزاروں معتکفین کیلئے سحری و افطاری کا بہترین انتظام کیا جائیگا۔ کھانے کی پکوائی کا عمل ایک نظم کے تحت ہو گا اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ سحری و افطاری کیلئے بنایا جانے والا تازہ کھانا بر وقت معتکفین تک پہنچ سکے اور ہر فرد مقررہ وقت پر افطار کر سکے۔ ٹھنڈے اور صاف پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ تو پورا نہیں کیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہراعتکاف سمیت جہاں جہاں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام ہے وہاں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔

تبصرہ