تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، منگل 20 رمضان المبارک 5 جون 2018کی شام کو ہزاروں لوگ فہم دین، توبہ اور آنسوؤں کی بستی شہر اعتکاف میں 10 دن کے لیے گوشہ نشین ہوں گے، جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں مرد اور منہاج گرلز کالج میں خواتین کی اعتکاف گاہ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، شہر اعتکاف میں شرکت کے لیے کوئٹہ، کراچی، پنجاب، خیبر پختونخواہ، اندرون سندھ، بلوچستان، کشمیر سمیت دنیا کے کئی ممالک سے لوگ معتکف ہوں گے۔
اعتکاف میں شرکت کے لیے مرکزی تنظیم کو موصول ڈیٹا کے مطابق اب تک پندرہ ہزار مرد و خواتین نے شہر اعتکاف میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے، رجسٹریشن کا مزید عمل جاری ہے جو 20ویں روزے تک جاری رہے گا۔
گرمی حبس اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے بچنے کے لیے شہر اعتکاف میں ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا انتظام کر لیا گیا، جامع المنہاج میں معتکفین کے لیے صحن کے دونوں اطراف دیو ہیکل پنکھے بھی نصب کر دیئے گئے ہیں، گرم ترین موسم کی شدت کے پیش نظر معتکفین کے لیے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں، امن امان کی ملکی صورتحال کے پیش نظر شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس کے نوجوانوں کی سیکیورٹی کی ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دیں گے، معتکفین کی سیکیورٹی کے لیے اعتکاف گاہ میں مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں، شہر اعتکاف کے داخلی وخارجی راستوں پر بھی جدید سیکیورٹی کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری روزانہ نماز تراویح کے بعد مثنوی مولانا روم کے موضوع پر خصوصی دروس دیں گے۔
شہراعتکاف کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے درمیان کوآرڈی نیشن کے لیے کنڑول روم بھی بنا دیا گیا، معتکفین کے سحر وافطار کی بروقت ترسیل مربوط نظام ترتیب دے دیا گیا، گرمی سے بچاؤ کے لیے چار فٹ قطر کے دیو ہیکل پنکھے لگائے گئے ہیں، شہر اعتکاف کی انتظامیہ نے لیسکو سے تحریری طور پر درخواست کی ہے کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ ہزاروں عبادت کرنیوالوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہر اعتکاف کے مکین عید کا چاند نظر آنے تک عبادات میں مشغول رہیں گے۔
تبصرہ