برائی کا بدلہ اچھائی سے دینا ہی تقوی کا اعلیٰ مقام ہے۔ شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام کا معتکفین سے خطاب

جامع المنہاج میں پچیسویں سالانہ شہرِاعتکاف میں پُرنور مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ شہراعتکاف میں رمضان المبارک کی بائیسویں شب کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اخلاقی و روحانی تربیت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کو عظیم قرار دیتے ہوئے اسے اہلِ ایمان کے لیے معیار بتایا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا ہر گوشہ عظیم ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اٹھنا، بیٹھنا، چلنا پھرنا، کھانا پینا، دوسروں سے برتاؤ اور آپ کی زندگی کی ہر اک ادا آپ کے عظیم اخلاق کا نمونہ ہے۔ جو امتی اپنے نبی کی ذات اور شخصیت میں نقص نکالے وہ بدبخت امتی کہلوانے کا حقدار نہیں۔

انسانی اخلاقیات لامحدود ہیں، زندگی کا ہر گوشہ، شخصیت کا ہر پہلو، ہر فعل و عمل، ہر رویہ اور برتاؤ اخلاق میں شامل ہے۔ آج جس شخص کا اخلاق جس قدر حسین ہوتا ہے وہ اتنا ہی خدا کے حضور عظمت کا حقدار ہے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ نیکی کی توفیق بندے پر اللہ تعالیٰ کا احسان ہے۔ توفیق الہی جس بندے کے ساتھ جڑ جائے اس کی محافظ و معاون اور مددگار بن جاتی ہے۔ نیک عمل کا صدور اللہ کی توفیق کے بغیر ممکن نہیں۔

خدا کی رضا پر راضی ہو جانا بندے کے لیے خدا کی نعمت ہے۔ بہترین طلب وہ ہے جو دینے والے کی مرضی پر چھوڑ دی جائے۔ خدا سے مانگے کا بہتر انداز یہ ہے کہ بندہ یوں کہے کہ مولا جو تُو چاہتا ہے وہ عطاء فرما۔ جو بندہ اپنی طلب اللہ پر چھوڑ دے اس کی طلب حسین اور اعلی بن جاتی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی شخصیت میں تواضع اور انکساری پیدا کریں اور دوسروں کو عزت دیں تاکہ خدا کے حضور معزز بن سکیں۔

شیخ الاسلام نے تقویٰ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ کا مقام دل ہے، جسے پیدا کرنے کے لیے دل کو تکبر سے خالی کرنا ضروری ہے۔ جس کا دل تکبر سے پاک اور تقویٰ کا امین بن جائے وہ دوسروں کو عزت دیتا ہے۔ جن لوگوں کے دلوں کو اللہ تقویٰ کے لیے چن لے ان کے اندر دوسروں کا ادب پیدا فرما دیتا ہے۔ بارگاہِ نبوی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب بھی وہی کرتے ہیں جن کے دلوں کی زمین پر تقویٰ کا شجر اگتا ہے۔ انسان کے تقویٰ کی علامت یہ ہے کہ وہ برائی کا بدلہ اچھائی سے دے، یہ تقویٰ کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔ اچھائی میں اتنی طاقت ہے کہ وہ برائی کو مٹا دیتی ہے۔

شہرِاعتکاف میں شیخ الاسلام کا خطاب نماز تراویح کے بعد شب ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا، جو منہاج ٹی وی کے ذریعے براہ راست پوری دنیا میں نشر کیا گیا۔

تبصرہ