لاہور (14 جولائی 2015) تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 27 رمضان المبارک کی شب عالمی روحانی اجتماع (لیلۃ القدر) منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا اور رقت آمیز دعا کی۔ روحانی اجتماع میں شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین و معتکفات کے علاوہ لاکھوں عشاقان مصطفیٰ مرد و خواتین نے بھرپور مذہبی جوش و خروش سے شرکت کی۔ پروگرام کی تمام کارروائی www.Minhaj.tv اور دیگر نجی ٹی وی چینلز کے ذریعے براہ راست نشر کی۔ عالمی روحانی اجتماع میں دنیا بھر کے علاوہ انڈیا کے 200 سے زائد مقامات سے لوگوں نے اجتماعات کی صورت میں www.Minhaj.tv کے ذریعے شرکت کی۔
وارثانِ شہدائے انقلاب کی غربت اور غیرت کو سلام، انہوں نے قاتل حکمرانوں کی کروڑوں کی آفریں ٹھکرا کر میرا سر فخر سے بلند کردیا
#LaylatulQadr
— ڈاکٹر طاہرالقادری (@TahirulQadriUR) July 14, 2015
اس موقع پر شہداء انقلاب کے ورثا کو نشان سیدنا امام حسین (علیہ السلام) پیش کیے گئے۔ یہ تمغہ جات جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی کے مبارک ہاتھوں سے تقسیم کیے گئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہداء انقلاب کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء انقلاب کی بنیاد رکھنے والے ہیں، ان کے خون کو قاتلوں کے قارونی خزانے بھی نہیں خرید سکتے۔ وارثانِ شہدائے انقلاب کی غربت اور غیرت کو سلام، انہوں نے قاتل حکمرانوں کی کروڑوں کی آفریں ٹھکرا کر میرا سر فخر سے بلند کردیا۔ یہ تحریک ایسی نہیں جس سے شہداء کے خون کی ڈیل ہوسکے، ڈیل کی تہمتیں لگانے والوں اور قاتلوں کے خزانوں پر بھی لعنت ہو۔ قاتل حکمران آج کے یزید اور قارون ہیں۔ ہم وہ غیرت مند ہیں جو خدا کے نام پر بک چکے ہیں، دنیا کا کوئی قارون ہمیں خرید نہیں سکتا۔ ان شاء اللہ وہ وقت آئے گا جب مردانِ حق کی ٹھوکر سے قاتل اڑ جائیں گے اور ان کا غبار بھی کہیں نظر نہیں آئے گا۔ قاتل حکمران اس وقت سے ڈریں جب ہر غریب اور مظلوم شخص کے خون کا حساب دینا ہوگا۔
Pir Al-Syed Mahmood Mohyuddin Al-Gillani Al-Qadri and Shaykh-ul-Islam Prof.Dr. Muhammad Tahir-ul-Qadri presented Nishan...
Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Tuesday, July 14, 2015
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ عالم کا سب سے بڑا پیغام انقلاب قرآن پاک کی صورت میں نازل ہوا جس کا ہر حرف قیامت تک کیلئے ذریعہ نجات اور چشمہ ہدایت و رہنمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عظیم اسلامی سلطنت بھی آج کی مقدس رات کا تحفہ ہے۔ آئیے سب ملکر آج کی برکتوں سے مالا مال رات اپنے اس عہد کو دہرائیں کہ پاکستان کو دہشتگردی، مذہبی و سیاسی انتہاپسندی سے پاک کر کے اسے حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ اور مدینہ کی فلاحی ریاست کے قالب میں ڈھالیں گے اور اسے دہشتگردوں، انتہا پسندوں، اسلام اور اللہ کے دشمنوں سے پاک کر کے آئندہ نسلوں کیلئے علم اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ ایسا پاکستان جس میں ہر شہری کو بلارنگ و نسل معاشی، سماجی تحفظ حاصل ہو اور پوری دنیا اس ماڈل اسلامی ریاست پر رشک کرے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کفران نعمت ترک کردو، دستیاب نعمتوں پر اللہ کا ان گنت شکرادا کرو، کمزوروں کا خیال رکھو، انصاف سے کام لو، ضرورت مندوں کی دستگیری کرو، تکبر سے بچو، صادق اور امین بنو، قرآن کی آفاقی تعلیمات پر عمل کرو اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنے سینوں کو منور کرو، اللہ کو راضی کرنے کا یہی نسخہ کیمیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کا تحفہ ہے اور آزادی تمام نعمتوں کی ماں ہے، اس کی حفاطت کرو، ایسے تمام برے افعال، ناپسندیدہ اعمال اور منفی رویوں سے دور رہو جس سے آزادی کے سلب ہونے کا احتمال ہو۔ پاکستان سے اس لیے بھی پیار کرو کہ یہ لا الہ الا اللہ کے نعروں کی گونج میں حاصل کیا گیا۔
قوم عاد وثمود پہ عذاب بھیجنے والے رب! سانحہ ماڈل ٹاؤن بپا کرنے والے ظالموں و جابروں کو تباہ و برباد کردے اور انجام بد کو پہنچا
#LaylatulQadr
— ڈاکٹر طاہرالقادری (@TahirulQadriUR) July 14, 2015
انہوں نے کہا کہ آج کی مقدس رات اللہ رب العزت سے دست بستہ دعا ہے کہ وہ ہمیں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے فتنے سے بچائے اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنے والے ہر ذی نفس کی حفاظت اور غائبانہ مدد کرے اور انہیں عظیم مقاصد کے حصول میں کامیاب کرے خواہ ایسے افراد کا تعلق فورسز سے ہے یا سول سوسائٹی سے، خواہ کوئی بندوق سے لڑرہا ہے یا قلم سے، اللہ تعالیٰ ایسے تمام طبقات اورافراد کی حفاظت کرے۔
شیخ الاسلام نے رقت آمیز دعا میں استدعا کی یااللہ! تحریک کے کارکنان اور وابستگان کی خیر فرما اور انکی حاجتیں پوری فرما، ایسی نعمتیں عطا فرما جس کے بعد کسی شے کی حاجت نہ رہے۔ یااللہ! ستائیسویں رات کا واسطہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی گرفت فرما اور غریب شہیدوں، زخمیوں اور اسیروں کی مدد فرما۔ قوم عاد وثمود پہ عذاب بھیجنے والے رب! سانحہ ماڈل ٹاؤن بپا کرنے والے ظالموں و جابروں کو انجام تک پہنچا۔
تبصرہ