لاہور تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ تنظیمات، شہر اعتکاف 2015 کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شروع ہونے والے حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے، حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی، شمالی علاقہ جات، پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان سے معتکفین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے مرد و خواتین کیلئے جگہ نہ ہو گی۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کررہے ہیں۔
شیخ زاہد فیاض نے حکومت اور چیئرمین لیسکو سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسلمان اعتکاف بیٹھتے ہیں، حکومت اور واپڈا پر شرعی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے احکامات جاری کریں اور بالخصوص شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ شدید گرمی اور حبس میں لوڈشیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد کو وضو اور سحری و افطاری کیلئے پانی کی کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے اس لیے 10 روز کیلئے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آمد کے باعث کارکنان میں جوش و خروش عروج پر ہے۔ انشاء اللہ رواں سال شہر اعتکاف ڈاکٹر طاہرالقادری کی سنگت کے باعث تشنگان علم و عرفان کیلئے خاص اہمیت کا حامل ہو گا۔
سربراہ شہر اعتکاف نے کہا کہ ماہ صیام سے قبل شروع ہونے والی اعتکاف رجسٹریشن کے باعث ملک بھر میں تحریک منہاج القرآن کے دفاتر میں غیر معمولی رش دیکھا جارہا ہے۔ شہر اعتکاف میں اندرون ملک اور بیرونی دنیا سے ہزاروں مردو خواتین کی رجسٹریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں غیر معمولی روحانی ماحول میسر آتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیتی دروس قرآن و تصوف ہزاروں افراد کی زندگیاں بدل دیتے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں اعتکاف سے قبل ہونے والی رجسٹریشن کے باعث انتظامات کا معیار بہتر بنانے میں بہت زیادہ آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اعتکاف 2015 کا رجسٹریشن ڈیٹا مکمل طور پر دوسرے عشرے میں مرکز کو موصول ہو جائے گا۔ شیخ زاہد فیاض نے 60 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے درمیان کوآرڈینیشن کیلئے کنٹرول روم بنانے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 3 ہزار نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی دینگے۔ شہر اعتکاف میں مختلف مقامات پر سکیورٹی کیمرے لگادئیے گئے ہیں۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف 4 فٹ قطر کے 30 بڑے پنکھے لگائے گئے ہیں۔ معتکفین کے وضو اور طہارت کیلئے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہزاروں معتکفین کیلئے 30 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10 ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف میں موجود ہوں گی۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر طاہرالقادری روزانہ دروس قرآن و تصوف دینگے۔ ہزاروں معتکفین کیلئے سحری اور افطاری کے وسیع انتظامات کیے جائینگے۔ کھانے کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلایا جائے گا اور اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کہ سحری اور افطاری کیلئے بنایا جانے والا تازہ کھانا بروقت حلقوں تک پہنچ سکے اور ہر شخص مقررہ وقت پر سحری اور افطاری کر سکے۔ ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کیا جارہا ہے۔
تبصرہ