تحریکِ منہاج القرآن کے زیر اہتمام حرمین شریفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا اعتکاف
ستائیسویں شب کے روحانی اجتماع کے بعد آج صبح جامع المنہاج میں ایک روح پرور اور پرکیف منظر تھا۔ صبح کی پھوٹتی پو اور پرنور گھڑیوں میں آج نماز فجر کے بعد تسبیحات نے اس ماحول کو مزید معطر کر دیا۔ دوسری طرف جامع المنہاج کے باہر اندرون ملک سے آئے ہزاروں شرکاء سحری کے بعد اپنے گھروں کو روانہ ہونے کو تھے۔ آرام کے باعث آج معتکفین کے حلقہ جات تاخیر سے منعقد ہوئے۔
ظہر کے بعد مرکزی نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے خصوصی نشست سے خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنان کو دعوتی و تنظیمی انداز میں شیخ الاسلام کی دعوت اور تحریک منہاج القرآن کو گھر گھر پہچانے کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ عصر کے بعد آج فقہی نشست بھی منعقد نہیں کی گئی۔ اس کی جگہ تنظیمی عہدیداران کی تربیتی نشست کا اہتمام تھا۔
نماز تراویح کے بعد شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب تھا۔ تاہم یہ نشست صرف حدیث مسلسل بالمصافحہ اور انتظامی حوالے سے گفتگو تک محدود ہو گئی۔ اعتکاف کے انتظامی معاملات میں جزوی نقائص کے باوجود شیخ الاسلام نے معتکفین کے جذبہ اور لگن کی خاص طور پر تعریف کی۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ 7 دنوں کی خصوصی تربیت کا نتیجہ ہے کہ آپ نے اپنی جائز شکایات بھی انتظامیہ کو نہیں کیں اور اس حوالے سے تمام مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔ بعد ازاں حدیث مسلسل بالمصافحہ کی روایت کے بعد آج کا سیشن شب 1:15 بجے ختم ہوا لیکن معتکفین کے انفرادی معمولات رات گئے بھی جاری رہے۔
آٹھویں دن کی جھلکیاں
- عالمی روحانی اجتماع کے ختم ہونے پر سحری کے لیے صرف نصف گھنٹہ کا وقت باقی تھا۔ تاہم انتظامیہ نے تمام معتکفین کو بروقت کھانا فراہم کیا۔
- فجر کے بعد 1:00 بجے تک معتکفین نے آرام کیا۔
- عالمی روحانی اجتماع کے بعد آج اعتکاف گاہ کے مختلف حصوں کی خصوصی صفائی کروائی گئی۔
- آج نماز تراویح 9:15 بجے ختم ہوئی۔ اس کے بعد منہاج نعت کونسل اور محمد افضل نوشاہی نے نعت خوانی کی۔
- شیخ الاسلام کی آمد سے قبل 10:00 بجے اعلان کیا گیا کہ تمام حاضرین صف بندی کر لیں آج شیخ الاسلام حدیث مسلسل بالمصافحہ دیں گے۔
- آج کے پروگرام کے لیے منہاج پروڈکشنز نے چوتھی بار نیا سیٹ تیار کر کے لگایا۔
- شمال کی طرف واقع منہاج ماڈل سکول اور اعتکاف گاہ کی بلڈنگ پر صرف ایک دو گز بینر نظر آ رہا تھا جس پر اٹک میں "دروس عرفان القرآن" کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔ موسم کی خرابی کے باعث مسجد کے ہال کے علاوہ تمام بینرز ہٹا دیئے گئے تھے۔
- محمد افضل نوشاہی نے جب شیخ الاسلام کا کلام "سگری رین تڑپٹے گجری" پڑھی تو پنڈال میں ایک کمر عمر بچہ ہاتھ لہرا لہرا کر نعت پڑھ رہا تھا۔
- محمد افضل نوشاہی جب نعت پڑھ رہے تو 10:42 پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔ جب مسجد کے صحن کے آخری حصہ سے چند حاضرین کھڑے ہو گئے۔ اس پر سارے لوگ کھڑے ہو گئے اور نعت خوانی کا سلسلہ رک گیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہاں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
- محمد افضل نوشاہی کی نعت خوانی کے دوران ایک شخص نے دیوانہ وار نعرے لگائے اور آخر میں بڑھک کے انداز میں سینہ پھیلا کر "نعرہ حیدری" بلند کیا۔
- "میراں ولیوں کی سرکار" اس نعت پر حاضرین نے جھوم جھوم کر پُرکیف ماحول پیدا کر دیا۔
- شیخ الاسلام حدیث مسلسل بالمصافحہ کے لیے 11:20 بجے سٹیج پر تشریف لائے۔
- شیخ الاسلام نے اپنی آمد کے فوراً بعد حاضرین کو بتایا کہ "میں انتہائی بوجھل دل اور افسوس کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ اس نشست کے بعد میں انتہائی ایمرجنسی کی صورتحال میں یہاں سے چلا جاؤں گا۔ یہ ہماری آخری ملاقات ہو گی۔ اس پر میں انتہائی معذرت خواہ ہوں۔
- شیخ الاسلام نے اس اعتکاف میں پہلی بار آنیوالے معتکفین کے ہاتھ کھڑے کروائے تو یہ تعداد نصف سے زاید تھی۔ اس پر شیخ الاسلام نے کہا کہ " نئے آنیوالے معتکفین جیت گئے" اس موقع پر "نئے معتکفین ۔۔۔۔ زندہ باد" کے نعرے بلند ہوئے۔
- شیخ الاسلام نے پرانے معتکفین کے ہاتھ کھڑے کروانے کے بعد فیصلہ کیا کہ نئے معتکف 51 فیصد اور پرانے 49 فیصد ہیں۔ نئے معتکفین کو یہاں لانے کا کریڈٹ پرانے معتکفین کو جاتا ہے۔ اس پر "پرانے معتکفین ۔۔۔۔ زندہ باد" کے نعرے لگے۔ بعد ازاں "انتظامیہ ۔۔۔۔۔ زندہ باد" کے نعرے بھی لگے۔
- شیخ الاسلام نے معتکفات کی ریکارڈ تعداد پر "خواتین زندہ باد" کا نعرہ لگانے کا کہا تو پنڈال سے "تحریکی بہنیں ۔۔۔۔ زندہ باد" صدائیں بلند ہوئیں۔
- شدید انتظامی مشکلات کے باعث معتکفین کی طرف سے انتظامیہ کو کوئی شکایت نہ کرنے پر شیخ الاسلام نے تمام معتکفین کو خصوصی مبارکباد دی۔ اس موقع پر آپ نے پنجابی کا یہ شعر پڑھا:
جتن جتن ہر کوئی کھیڈے تو ہارن کھیڈ فقیرا
جتن دا مل کوڈی پیندا تے ہارن دال مل ہیرا
شیخ الاسلام نے بتایا کہ "دنیا میں ہر کوئی جیتنے کے لیے بازی کھیلتا ہے لیکن ہار کے لیے صرف عاشق بازی کھیلتا ہے"۔ شیخ الاسلام کا کہنا تھا کہ "اب اعتکاف اتنا بڑا ہو گیا ہے کہ یہ ایک کائنات بن گئی ہے" اس حوالے سے آپ نے شیخ زاہد فیاض کو آئندہ اعتکاف کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے فرمایا آئندہ سال اعتکاف کے لیے 3 ماہ قبل انتظامات شروع کیے جائیں۔
- موجودہ اعتکاف کمیٹی کے 7 اراکین کو شیخ الاسلام نے خصوصی مبارکباد دی۔ شیخ الاسلام نے شب ساڑھے بارہ بجے کلمہ طیبہ پڑھ کر یہ جملہ کہا کہ میرے منہاج القرآن کا جو رفیق ہے وہ سیدھا حضور غوث الاعظم کا مرید ہے۔
- شیخ الاسلام نے معتکفین کو تحریکِ منہاج القرآن کا رفیق بننے کی خصوصی ترغیب دی۔
- شیخ الاسلام نے بتایا کہ حدیث مسلسل بالمصافحہ کے پہلے مصاحف صحابی حضرت قاضی شمہورش الجنی (رض) ایک جن تھے۔
- حدیث مسلسل بالمصافحہ کے لئے 12:40 بجے شیخ الاسلام نے معتکفین کو صف بندی اور مصافحہ کی چین بنانے کو کہا۔
- حدیث مسلسل بالمصافحہ کی روایت رات 12:52 بجے شروع ہو کر 1:08 بجے ختم ہوئی۔
- شیخ الاسلام نے مکمل حدیثِ مبارکہ عربی میں بیان کی، ان کا دایاں ہاتھ مشترکہ طور پر شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام اور امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے پکڑ رکھا تھا۔
- شیخ الاسلام نے آج اختتامی دعا بھی کروائی
- نشست کے اختتام پر ایک اہلحدیث معتکف نے آپ سے خصوصی طور پر مصافحہ بھی کیا۔
تبصرہ